ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد پرینکا گاندھی کی امت شاہ سے پہلی ملاقات، وائناڈ کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ

رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد پرینکا گاندھی کی امت شاہ سے پہلی ملاقات، وائناڈ کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ

Thu, 05 Dec 2024 12:29:57  SO Admin   S.O. News Service

وائناڈ ، 5/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ کے وائناڈ سے نومنتخب رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے وزیر داخلہ امت شاہ سے اپنی پہلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے لیے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کیا، خاص طور پر لینڈ سلائڈ سے متاثرہ افراد کے لیے امداد کی درخواست کی۔ انہوں نے امت شاہ کو یاد دلایا کہ رواں سال 30 جولائی کو وائناڈ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائڈ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں علاقے کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ اس حادثے کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوئے اور متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ پرینکا گاندھی نے اس سلسلے میں فوری اقدامات پر زور دیا۔

وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد پرینکا گاندھی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وائناڈ لینڈ سلائڈ متاثرین کی مدد کے لیے ہم نے امت شاہ سے ملاقات کی۔ وہاں کی جو صورتحال ہے، ہم نے اس سے ان کو آگاہ کیا۔ انھیں بتایا کہ وہاں کے لوگوں کو کن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم نے ان کو یہ بھی بتایا کہ حادثے کے بعد وہاں کے لوگ پوری طرح برباد ہو چکے ہیں۔ لوگوں کے پاس کوئی سپورٹ سسٹم نہیں بچا ہے۔‘‘ وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ 21 دیگر اراکین پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

پرینکا گاندھی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ’’ہم نے وزیر داخلہ سے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو الگ رکھتے ہوئے متاثرین کی مدد کے لیے مرکزی حکومت لوگوں کی حتی الامکان مدد کرنے کی کوشش کرے۔ کیوںکہ لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے وائناڈ کو کافی نقصان ہوا ہے۔ لوگوں کے گھر، بزنس، اسکول وغیرہ سب کچھ بہہ گئے ہیں۔ ایسے میں انہیں فوری طور پر ریلیف فنڈ کی ضرورت ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’ہم نے ان سے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی وائناڈ گئے تھے۔ انہوں نے وہاں کے متاثرین سے ملاقات بھی کی تھی۔ ایسے میں وہاں کے لوگوں کو امید ہے کہ وزیر اعظم آئے تھے تو ضرور کچھ مدد ملے گی۔‘‘ پرینکا گاندھی کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ نے انھیں یقین دلایا ہے کہ وہ وائناڈ کے لوگوں کی مدد ضرور کریں گے۔


Share: